خار (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی + آئی این پی) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی کے علاقہ باٹوار میں شدت پسندوں کے حملے میں 6 خواتین سمیت 16 افراد جاںبحق ہو گئے جبکہ شدت پسندوں کے حملے اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد علاقے سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے کئی علاقوں میں مورچے بنا لئے ہیں جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور قومی لشکر نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور سلارزئی قومی لشکر کے شدت پسندوں کے خلاف تازہ کارروائی میں سات شدت پسند جاںبحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فائرنگ سے 2 خاصہ دار جاںبحق اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ خاصہ دار فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا اور ایک زخمی ہوا۔ آپریشن کے دوران گولہ باری کی بھی اطلاع ملی، گولہ باری سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔ اورکزئی ایجنسی میں ایک ہفتہ قبل خوادرہ سے شدت پسندوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 4 میں سے ایک مغوبی کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ ذبح شدہ لاش کے ساتھ ایک خط بھی ملا ہے جس میں دھمکی دی گئی ہے، دیگر مغویوں کی اسی طرح لاشیں ملتی رہیں گی اور جاسوس اور حکومت کے حمایت یافتہ افراد کا انجام اسی طرح ہو گا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے شمالی وزیرستان میں گذشتہ روز کے بم دھماکے کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا۔ جنوبی وزیرستان کی تحصیل تیارزہ میں شدت پسندوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظر لوگوں کو 2 دن میں علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری گاڑی برآمد کر کے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔
باجوڑ : سلارزئی کے علاقہ باٹوار میں شدت پسندوں کے حملے میں 6 خواتین سمیت 16 افراد جاںبحق
Sep 05, 2012