لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم کوریا کے خلاف اس میچ میں ہونے والے شکست کو بد قسمتی کہا جا سکتا ہے۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم نے تمام میچ میں بہترین کھیل پیش کیا تاہم سیمی فائنل میں کوریا کے ہاتھوں ہونے والی شکست پر پوری قوم کے ساتھ وہ بھی افسردہ ہیں۔ ملکی عزت و وقار سب سے اہم ہے اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی گذشتہ تین چار سالہ محنت کا نتیجہ ہے کہ اب ٹیم میدان میں کھیلتے ہوئے دکھائی دیتی ہے اس سلسلہ کو اب رکنے نہیں دیا جائے گا۔ ورلڈکپ سے آؤٹ ہونے کا افسوس ہے تاہم ہاکی کے کھیل کو جاری رکھا جائے گا۔ فیڈریشن میں ہونے والے تمام فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔ ہاکی ورلڈ لیگ کی طرح ایشیا کپ میں بھی پاکستان ٹیم کا ایک میچ خراب رہا جس کا خمیازہ بھگتنا پڑ گیا۔ قومی کھیل کی ترقی کے لئے ہمیشہ تنقید کو مثبت لیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دروازے کبھی کسی کے لئے بند نہیں ہوئے ہیں جو کوئی بھی قومی کھیل کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے آئے اسے کے مشوروں پر عمل کیا جائے گا۔
کوریا کیخلاف میچ میں شکست بدقسمتی ہے : آصف باجوہ
Sep 05, 2013