صدر پی ایچ ایف اور سیکرٹری کی چھٹی کرانے کی تیاری

Sep 05, 2013

کراچی (خصوصی رپورٹ) قومی ہاکی ٹیم کے 42 برس بعد ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد پی ایچ ایف میں تبدیلی کیلئے اعلیٰ حکومتی سطح پر غور شروع ہو گیا ہے۔ ایشیا کپ میں شکست کا ملبہ صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاء اور سیکرٹری آصف باجوہ پر گرائے جانے کا قوی امکان ہے۔ امت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان ہاکی ٹیم کی مسلسل شکست کے محرکات جاننے کیلئے بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔ امکان ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ اختر رسول کو ترقی دے کر پی ایچ ایف کا سربراہ بنا دیا جائے۔ پی ایچ ایف کے موجودہ عہدیداروں کی مدت ملازمت آئندہ سال ختم ہو رہی ہے لیکن انہیں قبل از وقت فارغ کیا جا سکتا ہے۔ آصف باجوہ کی جگہ سابق اولمپئن سمیع اللہ اور اصلاح الدین کو سیکرٹری بنانے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔ حتمی فیصلہ فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم نواز شریف کریں گے۔ 

مزیدخبریں