اولمپک ہاؤس کی عمارت پر ناجائز قبضہ کیخلاف سپورٹس تنظیموں کا مظاہرہ

Sep 05, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے الحاق رکھنی والی فیڈریشنز کے عہدیداران اور مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے گذشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب واقعہ کا  نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیں۔ مظاہرین عارف حسن کے حق جبکہ پاکستان اولمپک ہاؤس پر قبضہ کرنے والی تنظیم کے عہدیداران کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔  پاکستان جوجسٹو فیڈریشن کے صدر خلیل احمد خان کا کہنا تھا کہ آئی او سی مسترد شدہ اور جعلی الیکشن کے ذریعے وجود میں آنے والی پی او اے کی کوئی حیثیت نہیں ہے اس کے غیر قانونی اقدام کے خلاف اندارج مقدمہ کے لیے درخواست دے رکھی ہے جبکہ اس سلسلہ میں عدالت سے بھی رجوع کر لیا گیا ہے۔ کوئی غیر قانونی عمل نہیں کیا جائے گا بلکہ قانون کے ذریعے انصاف حاصل کرینگے۔ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلٰی پنجاب سے درخواست ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں۔  انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے اگر کوئی ایکشن لیا گیا تو اس کی تمام ذمہ داری غیر قانونی تنظیم پر عائد ہوگی۔ پاکستان ویٹ لیفٹینگ فیڈریشن کے حافظ عمران بٹ کا کہنا تھا کہ کوئی غیر قانونی اقدام نہیں کیا جائے گا ہم کوشش کرینگے عدالت کے ذریعے انصاف ملے۔ پاکستان روئنگ فیڈریشن کے شاہد نذیر کا کہنا تھا کہ پی او اے ہاوس پر قبضہ کا ہرگز مطلب نہیں نہیں کہ غیر قانونی تنظیم درست ہو گئی ہے۔پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری چودھری اصغر، پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے رکن یوسف بٹ، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری وقار علی، پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن، پاکستان ووشو فیڈریشن کے صدر ملک افتخار احمد سمیت کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھے۔ 

مزیدخبریں