لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عمران فرحت نے رواں ماہ کے آخر میں امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لئے اپنی دستیابی کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے اگر موقع دیا تو توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔ عمران فرحت نے گذشتہ روز ایل سی سی اے گراونڈ میں نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مکمل فٹ اور ٹیم میں واپسی کے لئے تیار ہوں۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے دورے کے لئے کوئی رکاوٹ نہیں، فیملی کے معاملات بہتر ہونے سے خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کے لئے علیحدہ ٹیمیں ہونا ضروری ہے اور ہر کھلاڑی اپنی قابلیت کے مطابق ٹیم میں جگہ بناتا ہے۔