ہم بھی مفاہمت چاہتے ہیں‘ بعض علماءنے رابطہ کیا‘ مذاکرات کا ابھی فیصلہ نہیں کیا: تحریک طالبان

پشاور + اسلام آباد (آئی این پی) تحریک طالبان پاکستان نے ایک بار پھر حکومت سے کسی طرح کے مذاکرات کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری طرف سے حکومت سے مذاکرات کا کوئی آغاز نہیں کیا گیا۔ بدھ کو تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اﷲ شاہد نے نامعلوم مقام سے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی مفاہمت کے حامی ہیں بعض علما کرام نے ہم سے رابطہ بھی کیا ہے لیکن ہماری تنظیم کے اندر اس پر ابھی مشاورت جاری ہے اور مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ جب بھی حکومت سے ہمارے مذاکرات شروع ہونگے تو ہم انہیں خفیہ نہیں رکھیں گے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بھی دو روز قبل طالبان سے کسی قسم کے مذاکرات بارے میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔ 

ای پیپر دی نیشن