عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے‘ بھتہ مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا جائے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھتہ مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا جائے اور سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ جرائم کی بیخ کنی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے اور تمام تھانوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے عمل کو جلداز جلد مکمل کیا جائے۔ جرائم کے خاتمے کیلئے لاہور کو رول ماڈل بنایا جائے اور دیگر تمام اضلاع میں بھی جرائم کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ صوبے کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے پالیسی مرتب کی جائے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے۔ پولیس کے اعداد وشمار سے نہیں بلکہ اس کی کارکردگی سے اسی وقت مطمئن ہوں گا جب عوام اس پر اظہار اطمینان کریں گے۔ وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں سٹریٹ کرائم اور بھتہ مافیا کے خاتمے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اور پولیس کو اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔ گذشتہ پانچ برسوں میں پولیس کو ہرممکن وسائل فراہم کئے لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ پولیس کو نتائج دینا ہوں گے۔ اگرچہ پنجاب میں بھتہ خوری کی لعنت نہ ہونے کے برابر ہے تاہم اس ناسور کو مزید سر اٹھانے سے پہلے ہی کچل دیا جائے اور ایسے گھناﺅنے جرائم میں ملوث افراد کی بروقت سرکوبی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ جرائم کی بیخ کنی میں کوئی تساہل یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ افسران کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں انسداد دہشت گردی فورس کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے اور آغاز میں بہترین اہلکاروں کا انتخاب کرکے ان کی ایلیٹ ٹریننگ سکول سے تربیت کا اہتمام کرایا جائے۔ نئے سب انسپکٹرز کی بھرتی کے عمل کو پنجاب پبلک سروس کمشن کے ذریعے جلد از جلد مکمل کرایا جائے، سب انسپکٹرز سمیت تمام اہلکاروں کے سروس قواعد و ضوابط کو 7 روز میں حتمی شکل دی جائے۔ جرائم کی بیخ کنی کیلئے صوبے کو اسلحے سے پاک کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں فی الفور پالیسی وضع کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے جس کی باقاعدہ منظوری کابینہ سے لی جائے گی اور منظوری کے بعد اس پر پوری طرح عملدرآمد کرایا جائیگا۔ حکومت گڈگورننس، میرٹ اور شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ لینڈ ریکارڈ کے منصوبے سے پٹوار کلچر اور کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے، اسی طرح تھانوں میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ پنجاب میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور اس ضمن میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دریں اثناءشہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی و گیس چوری میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بجلی و گیس چوری کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے، چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کسی بھی دباﺅ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں بجلی و گیس چوری کے بارے میں صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت بجلی و گیس چوری کی روک تھام کیلئے اپنا مو¿ثر کردار ادا کرتی رہے گی اور بجلی و گیس چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ کمیٹی بجلی و گیس چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے تمام قانونی پہلوﺅں کا جائزہ لے کر آئندہ دو روز میں سفارشات پیش کرے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مستقبل میں نئی بننے والی کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹیز، پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیموں اور کمرشل پلازوں کو مرحلہ وار ایل ای ڈی لائٹس پر منتقل کیا جائے گا۔ سرکاری اداروں، ہسپتالوں اور سکولوں کو بھی بتدریج ایل ای ڈی لائٹس پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اس مقصد کیلئے آئندہ اجلاس میں قابل عمل سفارشات تیار کرکے پیش کرے۔ وہ گذشتہ روزایوان وزیر اعلیٰ میں پنجاب انرجی کونسل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجا ب حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ آئندہ سال کے آغاز میں اس منصوبے کی پہلی ٹربائن کام شروع کردے گی اور بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا۔ قائداعظم سولر پارک میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 7 سو میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے لگائے گی۔ بینک آف پنجاب ان منصوبوں کی فنانسنگ کیلئے تیز رفتاری سے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مستقبل میں بننے والی تمام ہاﺅسنگ سکیموں میں گھروں اور سٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی سولر لائٹس پر منتقل کرنے کیلئے قواعد و ضوابط میں ترامیم کی جائیں۔ دریں اثناءشہباز شریف کی گورنر ہاو¿س میں گورن رپنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات ہوئی، ملاقات میںملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، صوبے کے امن و امان اور تعلیم کے فروغ کے ضمن میں حکومت پنجاب کی طرف سے اٹھائے جانے والے فوری اقداما ت پر تبادلہ خیال کیا گیا اورسیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ اور متاثرین سیلاب کو فوری طور پر زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے سیلاب متاثرین کی بروقت امداد اور متاثرہ علاقوں کے فوری دوروں کی تعریف کی اور ان کی دن رات امدادی سرگرمیوں کو سراہا۔ دریں اثناءخصوصی بچوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ انسانیت کی خدمت دنیا کا عظیم ترین کام ہے اور جو لوگ اس کارِخیر میں حصہ لے رہے ہیں ہمیں اُن کی اخلاقی، معاشرتی اور معاشی حمایت کرنی چاہئے۔ معاشرے وہی زندگی اور کامیابی کی علامت ہوتے ہیں جو اپنے مستحق، کمزور اور خصوصی بچوں کی فلاح و بہبودکو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ خصوصی بچوں کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنا اُن کا حق اور ہمارا فرض ہے۔ خصوصی بچوں نے گورنر ہا¶س کا دورہ بھی کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن