صدر زرداری کے اعزاز میں وزیراعظم کا آج الوداعی ظہرانہ، تحریک انصاف شرکت نہیں کریگی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) زرداری کے اعزاز میں وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے آج الوداعی ظہرانہ دیا جائے گا جس میں قومی رہنماﺅں کے علاوہ غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب ایک وزیراعظم کی طرف سے صدر مملکت کو پانچ سالہ مدت پوری کرنے پر باوقار انداز سے رخصت کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ظہرانے میں آرمی چیف چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔ وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم بھی شریک ہوں گے۔ پیپلز پارٹی سے سید خورشید شاہ، اعتزاز احسن اور مخدوم امین فہیم شریک ہوں گے۔ چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی بھی ظہرانہ میں مدعو ہیں۔ آن لائن کے مطابق ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت کو بھی ظہرانے میں بلایا گیا ہے اور انہوں نے نواز شریف کی طرف سے دعوت کو قبول کر لیا ہے اور موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی بار نواز شریف اور شجاعت میں ملاقات ہو گی۔ دریں اثناءتحریک انصاف نے صدر کے اعزاز میں ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی شیریں مزاری کے مطابق عمران خان سمیت تحریک انصاف کا کوئی رہنما ظہرانے میں شریک نہیں ہو گا۔ صدر زرداری 8ستمبر بروز اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12بجے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں گے جبکہ 9ستمبر کو نومنتخب صدر ممنون حسین اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ مدت مکمل کرنے پر صدر زرداری کو گارڈ آف آنر بھی دیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...