ملکی خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے: کور کمانڈرز کانفرنس‘ کراچی اور کنٹرول لائن کی صورتحال پر غور

Sep 05, 2013

 راولپنڈی (اے این این) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس میں ملکی سکیورٹی صورتحال اور کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی کاجائزہ لیا گیا ۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 163ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کی۔ یہ کانفرنس معمول کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر ہونے والی کانفرنسوں کا حصہ تھی جس میں مختلف پیشہ وارانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق کانفرنس میں کورکمانڈرز اور پرنسپل سٹاف افسران شریک ہوئے جس میں ملکی سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خیبر ایجنسی، فاٹا اور کراچی کی صورتحال زیر غور آئی اور افغانستان پر سرحدی صورتحال اور افغان بارڈر پر سکیورٹی فورسز کے مابین تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ کورکمانڈرز کو کابینہ کمیٹی برائے نیشنل سکیورٹی کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ ملکی سالمیت وخودمختاری پرکوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی ۔

مزیدخبریں