اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+آئی این پی+این این آئی) اسلام آباد میں انسدا د دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بلیو ایریا فائرنگ واقعہ کی شریک ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت کی سماعت (آج) جمعرات تک ملتوی کردی‘ بدھ کو عدالت کے حکم پر پولیس نے وقوعہ کے روز ملزمہ کی حرکات و سکنات اور سرگرمیوں کی ویڈیو ثبوت کے طور پر پیش کی، پولیس نے مقدمے کا پہلا نامکمل چالان بھی عدالت میں پیش کردیا، ملزمہ کنول پر سکندر کی معاونت اور ملزم اختر پر ملزم سکندر کو اسلحہ دلوانے کا الزام ہے جبکہ 27 گواہوں کے بیانات کو بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نامکمل چالان میں کنول اور ڈرائیور اختر کو بھی شریک ملزم نامزد کیا گیا ہے، انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس نے جن گواہان کو پیش کیا ان میں تھانہ کوہسار کے پولیس اہلکار، ٹریفک پولیس اہلکار، لیڈی کانسٹیبل اور ڈاکٹرز شامل ہیں۔ چالان میں اسلحہ ڈیلر عابد شاہ اور کار ڈرائیور امجد کو بھی بطور گواہ شامل کیاگیا۔ واضح رہے کنول پر اپنے شوہر سکندر کی معاونت اور اختر پر ملزم کو اسلحہ دلوانے کا الزام ہے۔ ملزمہ کنول کے وکیل نے اپنی صفائی میں کہاکہ کنول بے قصور ہے، اس پر دہشت گردی کی دفعہ لگانا درست نہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے پولیس کو حکم جاری کیا کہ جہاں ملزمہ کنول کو اسلحہ پکڑے دکھایا گیا ہے، وہ ویڈیو پیش کی جائے عدالت نے ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت (آج) تک ملتوی کردی۔ دریں اثناءاسلام آباد فائرنگ کے واقعے کے ملزم سکندر ملک کی صحت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج سکندر کے پیٹ میں لگے ٹانکے کھول دیئے گئے ہیں۔ اس کی دوائیں بھی تبدیل کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکندر ناشتے میں ڈبل روٹی، انڈے اور مرغی کھاتا ہے۔