لاہور (نمائندہ سپورٹس) قومی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ و منیجر شہناز شیخ نے گذشتہ روز بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کرکے انہیں قومی ہاکی ٹیم کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر سے ملاقات کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے شہناز شیخ نے کہا کہ وفاقی وزیر ایشین گیمز میں ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل کی توقع کر رہے ہیں۔ میں نے انہیں بتایا کہ ہمارے کھلاڑی گولڈ میڈل کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم پاکستان ہاکی کو فنڈز کی فوری ضرورت ہے۔ شہناز شیخ نے وفاقی وزیر سے یہ بھی درخواست کی کہ ٹیم کو جنوبی کوریا جلد بھجوانے کیلئے خصوصی انتظامات بھی کروائیں۔ مالی مسائل کی وجہ سے ہمارا بہت وقت پہلے ہی ضائع ہو چکا ہے۔ شہناز شیخ نے بتایا کہ رواں ماہ ہونیوالی ایشیائی کھیلوں کی اہمیت وفاقی وزیر کو بتا دی ہے۔ خدانخواستہ اگر ہم گولڈ میڈل کا دفاع نہ کر سکے تو پھر ہمیں 2016ء کے اولمپکس کھیلنے کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لمبے عمل کا حصہ بننے پڑے گا۔ شہناز شیخ نے بتایا کہ میاں ریاض حسین نے مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی کروائی ہے اور بتایا ہے کہ وہ اس سلسلے میں وزیراعظم سے نہ صرف خود ملیں گے بلکہ ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران کی پی ایچ ایف کے پیٹرن سے ملاقات کی کوشش بھی کریں گے۔