شہباز شریف کی آرمی چیف سے ملاقات‘ لاہور میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات اور واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے 5، 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 1، 1 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ شہباز شریف نے صوبائی انتظامیہ کو شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فی الفور اقدامات کرنے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا متعلقہ انتظامی افسران اور واسا حکام دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں موجود رہیں اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔ ارکان اسمبلی، انتظامی اور واسا افسران نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی خود نگرانی کریں اور صورتحال میں بہتری تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں اور حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوںکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے تمام وزراء کو اپنے ڈویژن میں فی الفور پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منتخب نمائندے ، کمشنرز اور ڈی سی اوز عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے ایک جذبے کے تحت ریلیف کی سرگرمیوں کی نگرانی کا فریضہ سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے صوبائی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے دریائوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں۔ شہباز شریف لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کو سارا دن لمحہ بہ لمحہ مانیٹر اور صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے سربراہان کو صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کرتے رہے۔ شہباز شریف نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لئے وزیر خوراک بلال یسین کو لاہور ڈویژن، ممبر صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ کو گوجرانوالہ، وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کو راولپنڈی،  وزیر جنگلات وفشریز محمد آصف ملک کو سرگودھا جبکہ وزیر جیل خانہ جات عبدالوحید چوہدری کو ملتان ڈویژن الاٹ کیا گیا۔ وزیر کو آپریٹو محمد اقبال چنڑ کو بہاولپور، وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون سلطان بخاری کو ڈی جی خان، وزیر زراعت فرخ جاوید کو ساہیوال اور وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور طاہر خلیل سندھو کو فیصل آباد ڈویژن الاٹ کیا گیا۔  وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے رات گئے 2گھنٹے سے زائد شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ وزیراعلی بغیر کسی اطلاع کے جی پی او چوک، لکشمی چوک، نکلسن روڈ حاجی کیمپ، ایک موریہ پل، مصری شاہ گئے اور وہاں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے بارش میں بھیگتے ہوئے جی پی اوچوک، نیکلسن روڈ پر حاجی کیمپ، ایک موریہ پل اور لکشمی چوک میں بارش کے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ شہریوں سے نکاسی آب کے حوالے سے حکومتی انتظامات کے بارے دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے نکاس کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر لکشمی چوک میں عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور شیر آیا شیرآیا کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے اور بارشی پانی کی صورتحال بارے دریافت کیا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی ٹیم نے بہت اچھا کام کیا ہے، بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا ہے۔ ایک جذباتی شہری نے التجا کی میاں صاحب استعفیٰ نہ دیں ورنہ میں خود کشی کرلوں گا۔ شہریوں کی طرف سے ایک رہنماء کے خلاف مردہ آبادکے نعرے لگانے پر وزیراعلیٰ نے کہا ایسے نعرے نہ لگائیں انشاء اللہ فتح حق اور جمہوریت کی ہو گی۔ بعدازاں شہباز شریف چاہ میراں مصری شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کے لئے ان کے گھر پہنچے۔ متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی نے متاثرہ خاندان کے لئے ایک کروڑ روپے کی مالی امداد اور 2 بھائیوں کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے حادثہ کے بعد ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم کے تاخیر سے پہنچنے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...