لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے احتجاجی پروگرام کے تحت ملک بھر میں بنکوں سے لین دین کا بائیکاٹ کیاگیا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر کی زیرقیادت مال روڈ پر مسجد شہداء کے باہر تاجروں نے جھولیاں اٹھاکرحکومت، ایف بی آر، آئی ایم ایف کو ’’بددعائیں‘‘ دیں۔ نعیم میر نے خطاب میں کہا کہ سٹیٹ بنک نے حالیہ جاری شدہ اعدادو شمار بتائے ہیں کہ بنکوں کے ذریعے لین دین میں 878؍ارب روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ بنکوں کے کاروبار میں مجموعی طور پر30فیصد کمی کی وجہ 0.3فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ہے۔ اوراگر یکم اکتوبر 2015ء سے یہ 0.6 ودہولڈنگ ٹیکس ہوگیا تویقینی طورپر بینکوں کے کاروبار میں ساٹھ فیصد تک کمی واقع ہوجائیگی جس سے بنک خود ہی بنک کرپٹ ہوجائیں گے اور معیشت کا دیوالیہ نکل جائیگا۔ حکومت ہوش کے ناخن لے بیشک ہماری بات نہ مانے سٹیٹ بنک کی بات ہی مان لے۔ انہوںنے کہا کہ 9ستمبر کو تمام تاجرگروپوںنے مشترکہ ہڑتال کی کال دی ہے۔ اگر9ستمبرکو کسی تاجرنے دکان کھولی تو وہ ودہولڈنگ ٹیکس کا حامی تصور کیاجائیگا۔
بنکوں سے لین دین کا بائیکاٹ، تاجروں کی حکومت، ایف بی آر کو ’’بددعائیں‘‘
Sep 05, 2015