لاہور سمیت کئی شہروں میں چھاپے جاری،60 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد

Sep 05, 2015

لاہور (نمائندگان + ایجنسیاں) مضر صحت گوشت کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا اور 60 من سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم نے گرین ٹائون کے علاقے میں قائم غیر قانونی مذبح خانہ میں چھاپہ مارا جہاں بیمار جانور کو ذبح کرکے ان کا گوشت تیار کیا جارہا تھا۔ ٹیم نے 3 من مضر صحت گوشت برآمد کرکے موقع پر موجود 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ادھر گوجرانوالہ میں محکمہ لا ئیوسٹاک کی ٹیموں نے اروپ، جناح رو ڈ، عالم چوک سمیت دیگر علاقوں میں چھا پے مار کر 10 من مضر صحت اور بھیڑوں کا گوشت برآمد کر لیا۔ چھاپہ مار ٹیموں نے مضر صحت گوشت کی فروخت میں ملوث تین قصابوں کیخلاف تھانہ سول لائن اور اروپ میں مقدمات درج کروا کر انہیں گرفتار کروا دیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق غیر قانونی مذبحہ خانوں سے 36 من سے زائد گوشت قبضہ میں لے لیا گیا اور 10 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 140کلو گرام مضر گوشت قبضے میں لے کر 3افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پاکپتن سے نا مہ نگار کے مطابق ناقص اور مضر صحت گوشت فروخت پر 18 قصابوں کیخلاف مقد مات درج کروا دیئے گئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق مریدکے کے محلہ سلامت پورہ سے چھاپے کے دوران150کلو گرام غیر معیاری اور مضر صحت بڑا گوشت برآمد کرلیا گیا۔ سرغنہ امیر بھلہ سمیت 3 ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر مشتمل 14ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ گزشتہ روز 128 کلو گرام مٹن، 237 کلو گرام بڑا گوشت، 40 کلو گرام مرغی کا گوشت اور 750 لیٹر مضر صحت دودھ قبضہ میں لے تلف کیا گیا اور 13 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق کاہنہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ من مضر صحت گوشت قبضے لیکر تلف کردیا اور تین قصابوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے جن میں ناصر، فرمان اور عابد شامل ہیں۔ تینوں کو حوالات میں بند کردیا گیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق امامیہ کالونی، فیروز والاکے علاقے میں چھاپے مارکر پانی ملا گوشت فروخت کرتے ہوئے سات قصابوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور عمران، خالد، ذوالفقار، شہباز اور عادل وغیرہ کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔ کوٹ عبدالمالک اور نین سکھ کے قریب چھاپے مار کر صفائی کے ناقص انتظامات پر پانچ ہوٹلوں کو سیل کردیا گیا۔ بہاولنگر سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گدھوں کی کھالیں فروخت کرنے والے گروہ کے 4 افراد کو کھالوں سمیت گرفتار کرلیا۔

مزیدخبریں