عمران فاروق قتل کیس: پاکستان کا تمام ملزموں کو برطانیہ کے حوالے کرنے پر غور

اسلام آباد (عمران مختار/ نیشن رپورٹ) پاکستان عمران فاروق قتل کیس کے تمام ملزموں کو برطانیہ کے حوالے کرنے کے حوالے سے آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی 3 رکنی ٹیم قتل کے ایک ملزم سے تفتیش کے بعد واپس جا چکی ہے۔ حکومتی ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ کیس کے تمام ملزموں کو برطانیہ کے والے کرنے پر غور شروع ہو گیا ہے کیونکہ حکومت کو بتایا گیا تھا کہ مرکزی ملزم کی غیرحاضری میں کیس کو انجام تک نہیں پہنچایا جا سکتا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے اسلام آباد میں حکومتی عہدیداروں اور ایف آئی اے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ انعام غنی سے بھی ملاقات کی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ اپنے دو دوروں کے دوران ایف آئی اے کے زیرحراست تینوں ملزموں سے تفتیش کر چکی ہے۔ اس سال مئی میں حکومت نے لندن میٹروپولیٹن پولیس کو معظم سے تفتیش کی اجازت کا فیصلہ کیا پھر دوسرے ملزم سے تفتیش کی اجازت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010ء کو لندن میں چھریوں کے وار سے قتل کر دیا گیا تھا۔ فرنٹیر کور نے اس سال جون میں محسن علی اور خالد شمیم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔ اپریل میں رینجرز نے مرکزی ملزم معظم علی خان کو گرفتار کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن