ہنگری: تارکین وطن پیدل سرحد عبورکرنے پر مجبور، ایک پاکستانی ریلوے ٹریک پرگر کر جاں بحق

Sep 05, 2015

بڈاپسٹ (بی بی سی + رائٹرز) ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں ریلوے سٹیشن بند ہونے کے بعد سینکڑوں تارکینِ وطن پیدل سرحد عبور کر کے آسٹریا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہنگری کے حکام ہزاروں تارکینِ وطن کو مشرقی یورپ کے ممالک میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یورپی یونین کی ریاستیں تارکین وطن کے بحران سے نبرد آزما ہونے کے لئے متفقہ حکمتِ عملی پر غور کر رہی ہیں۔ اقوامِ متحدہ نے یورپی یونین کے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ’بڑے پیمانے پر رہائش کی تبدیلی کے پروگرام‘ کے تحت دو لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو اپنے ممالک میں جگہ دیں۔ ہنگری کی ایک ٹرین میں محصور تارکینِ وطن اور پولیس کے درمیان کشیدگی دوسرے دن بھی برقرار رہی۔ دریں اثناء ہنگری میں ایک پاکستانی شہری ریلوے ٹریک پر گر کر جاں بحق ہو گیا۔ یہ پاکستانی گرفتاری کے خوف سے سٹیشن سے فرار ہونیوالے مہاجرین کے گروپ میں شامل تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اس نے بھاگنے والے گروپ کا پیچھا نہیں کیا اور پاکستانی شہری سٹیشن سے 800 میٹر دور گرا۔ پولیس کے مطابق سٹیشن سے 800 پناہ گزینوں کو گرفتار کیا گیا۔

مزیدخبریں