لاہور+ قصور+ فیروزوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) لاہورکے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کا مال لوٹ لیا گیا۔ جبکہ ملت پارک میںقر با نی کا جانور خریدنے والے شہری کو ڈاکووں نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ہے۔ قصور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق اچھرہ کا رہائشی آ صف گز شتہ روز قربانی کا جانور لینے کے لئے ملت پارک کے علاقہ میں جا رہا تھا کہ دوڈاکووں نے اسے گن پوائنٹ پر روک کر 90 ہزارروپے نقدی، موبائل فون اورموٹر سائیکل چھین لی اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے شالیمارمیں شہنازکے اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 9 لاکھ جبکہ شاہدرہ میں رحمت کے گھر سے5 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فو ن اور دیگر سامان،گارڈن ٹائون میںاحمد حسین اور اس کی فیملی سے4 لاکھ جبکہ گاڈن ٹائون میں شہزادی شکیل اور اسکی بیٹی سے 3 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون، جوہرٹائون میں عابد رشید سے ایک لاکھ 40 ہزار اور موبائل فون،گلبر گ میں نواز سے ایک لاکھ، شاہدرہ میں جمیل سے تین ڈاکو 50 ہزار اور موٹرسائیکل، ٹائون شپ میں شکیل سے 45 ہزار اور موبائل فون،جوہرٹائون میں شہاب سے 15 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے مصطفی ٹائون میںسے بشیر، ستوکتلہ میں سے ندیم کی گاڑیاں جبکہ شاہدرہ سے عابد، نشتر کالونی میں ساجد، اسلام پورہ میں ارشد، شادباغ میں عدنان، نواں کوٹ میں نبیل، مسلم ٹائون میں ماجد، ٹائون شپ میں اعجاز، سبزہ زار میں اسلام دین، ڈیفنس بی میں فاروق، فیکٹری ایریا میں ابرار، قلعہ گجر سنگھ میں طارق، مغلپورہ میں زوہیب کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور کے نواحی علاقہ منڈی عثمان والا کے قریب قلعہ دائودکے میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 2 ڈاکو ہلاک اور 3 فرار ہو گئے۔ 5 ڈاکو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ قصور کے نواحی علاقے منڈی عثمان والا میں پل پسیال کلاں پر پولیس ناکے پر روکا گیا جس پر ڈاکوؤں نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 3 ڈاکو فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت رحمت عرف کالی اورعمران عرف مانی کے نام سے ہوئی۔ ڈی پی او کے مطابق ہلاک ڈاکو 36 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔ فیروزوالہ میں ڈاکوئوں نے گودام کے مالک شرافت سے ایک لاکھ 22 ہزار روپے چھین لئے۔ علاوہ فتو والہ چومکی کے قریب ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر کئی راہگیروں کولوٹ لیا اور تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے۔
لاہور، لاکھوں کی وارداتیں، شہری زخمی، قصور، مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکوہلاک
Sep 05, 2016