لاہور (سید شعیب الدین سے) پانامہ لیکس کے بعد حکومتی رِٹ ختم ہو چکی ہے۔ نوازشریف کے پاس وزیراعظم رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا، وہ استعفیٰ دیں۔ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اپنا نیا لیڈر منتخب کرے۔ اس وقت سارا نظام ایک شخص کو بچانے میں مصروف ہے۔ وزیراعظم اپنا اور اپنے بچوں کا نام پانامہ لیکس میں آنے کے بعد اتنے دبائو میں ہیں کہ کوئی فیصلہ کرنے کے قابل نہیں رہے۔ بلاول پر کسی کرپشن کا کوئی چھینٹا نہیں مگر وہ اپنے والد اور انکے حواریوں کے سیاسی بوجھ سے جان چھڑائیں تبھی پارٹی آگے جاسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر صفدر عباسی اور انکی اہلیہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی قریبی ساتھی ناہید خان نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا میاں نوازشریف اور آصف زرداری کا مُک مُکا ہے۔ آج ساری سیاسی جماعتیں ’’سیاسی مافیا‘‘ بن چکی ہیں اور سب ملکر عوام کو بیوقوف بنا رہی ہیں۔ عمران خان زرداری کو کنٹینر پر بلا رہے ہیں، زرداری کو کنٹینر پر ساتھ کھڑا کرنے والا کرپشن کے خلاف کیا لڑائی لڑے گا۔ سیاسی مافیا نظام کو کنٹرول کر رہا ہے۔ ساری سیاست چند خاندانوں کے گرد گھوم رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے جن 22 خاندانوں کی گرفت سے ملک کو نکالا تھا آج وہ پھر نئی طاقت سے ملک پر قابض ہو چکے ہیں اور ان کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ امیر و غریب کی تفریق 60ء کی دہائی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ بھٹو نے جو راستہ دکھایا اور جس طرح غریب کی آواز بلند کی اس راہ پر چلنے کی آج بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ’’ریٹیلر‘‘ تھے تو نواز شریف ہول سیل ڈیلر ہیں۔ عوام سیاسی مافیا کا روپ دھارنے والی تمام جماعتوں سے قطع تعلق کریں۔ خاندان سیاسی جماعتوں کو اب پاکستانی سیاست سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا بدقسمتی یہ ہے کہ تمام خرابیوں کے ذمہ دار نواز شریف اپنی انا اور اپنی ذات کے تحفظ کیلئے مستعفی نہیں ہو رہے۔ نواز شریف عوام سے ووٹ مانگنے کس منہ سے جائیں گے۔ ان کی تمام دولت ملک سے باہر ہے، ان کے بچے ملک سے باہر کاروبار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کرپشن کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، ملک سے لوٹا اور باہر بھیجا گیا پیسہ واپس لایا جائے اور جس نے پیسہ باہر بھیجا، اس کا احتساب کیا جائے۔ اداروں کی بقا کا معاملہ ہے، یہاں تو انگوٹھا چھاپ پارلیمنٹ ہے۔ حکومت لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کرپائے گی۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ٹرانسمشن لائنز درست کرنا ہونگی۔ حکومت کو کول پاور پلانٹ لگا رہی ہے وہ 2018ء تک مکمل نہیں ہو سکیں گے۔ ایل این جی پلانٹ بھی مکمل نہیں ہو پائیں گے۔ حکومت کوئلہ سے چلنے والے پاور پلانٹ لگا رہی ہے تو اس کیلئے اتنا کوئلہ کہاں سے لائے گی۔ پورٹ قاسم سے اندرون پناب تک اتنا کوئلہ کیسے لایا جائے گا۔ یہاں تو ریلوے کا نظام بھی بیٹھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کی تباہی کے ذمہ دار آصف زرداری کے گرد موجود لیڈرز بھی ہیں جو آصف زرداری کا ہاتھ نہیں پکڑ سکے۔
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر عباسی اور چیئرپرسن ناہید خان نے کہا ہے کہ ہم ملک کو قبضہ مافیا، لینڈ مافیا سے نجات دلانے اور پارٹی کوذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے افکار ونظریات کے ویژن کی تکمیل اور انکے نظریہ کو اُجاگر کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جن کیلئے ورکرز پارٹی فرنٹ لائن ہے اسکے کوئی سیاسی یا انتخابی مقاصد نہیں ہیںبلکہ ملک میںحقیقی جمہوریت کیلئے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رائے قیصر عباس کھر ل کی طرف سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے ساجدہ میر، سردار حُر بخاری، یاسمین ہمایوں، آمنہ زیدی، پوما شہزادی، رانا اصرار خان، محمد علی پاشا سمیت دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔