لاہور/ مردان (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت محب وطن پاکستانیوں کو بنگلہ دیش میں چن چن کر قتل کروا رہا ہے، میر قاسم کو پاکستان سے محبت کی سزا دی گئی، مودی نے پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا لیکن پاکستانی حکومت نے خاموشی اختیار کرلی، پاکستانی حکمرانوں نے جماعت اسلامی رہنمائوں کی پھانسیاں رکوانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا، محب وطن رہنمائوں کی پھانسیوں پر پاکستانی حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے جس کے خلاف ہم 8 ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ وہ اتوار کو یہاں آئی 8 میں مسجد الفرقان کے باہر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما میر قاسم کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر مظاہرین سے خطاب کر رہے تھے۔ سراج الحق نے میر قاسم کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی جس میں عبدالرشید ترابی، میاں اسلم سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی، میر قاسم علی کو گذشتہ روز بنگلہ دیشی حکومت نے پھانسی دی تھی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ میر قاسم کا جرم اتنا تھا کہ انہوں نے 1971میں پاکستان کا ساتھ دیا تھا۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو بھارت کی ایما پر تختہ دار پر لٹکائے جانے پر پاکستانی حکمران خاموشی تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہم نے اس معاملے پر تمام وفاقی وزراء کا ضمیر جھنجھوڑنے کی کوشش کی، میں نے وزیراعظم، وزیر داخلہ اور مشیر خارجہ سے بات کی لیکن انہوں نے پھانسیاں رکوانے میں کردار ادا نہیں کیا۔ ایسے منفی رویوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھی منفی پیغام جائے گا جس کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر سطح پر احتجاج کرینگے۔ دریں اثناء سراج الحق نے ڈسٹرکٹ بار مردان کا دورہ کیا اور بار کے صدر امیر حسین اور دیگر وکلاء سے خودکش دھماکے میں وکلاء کے جاں بحق ہونے پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے بعدازاں میڈیکل کمپلیکس میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا مردان دھماکوں سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ تمام تر دعووں کے باوجود امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں، صوبائی اور مرکزی حکومتیں سیاست سے بالاتر ہو کر امن وامان کے قیام کے لیے ایک صفحہ پر آجائیں اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو توقع تھی کہ نیشنل ایکشن پلان کے نتیجے میں امن قائم ہوگا لیکن آج کے واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ دشمن جہاں جس وقت کچھ کرنا چاہے وہ اپنا کام کر لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر انسانی جانیں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں خود پہرہ دیں امن تب قائم ہوگا جب حکمران رات کو بھی جاگتے رہیں اور دن میں بھی بیدار رہیں تبھی عوام عوام کو سکون اور امن ملے گا۔
میر قاسم کی پھانسی رکوانے میں حکومتی ناکامی پر 8 ستمبر کو دھرنا دینگے: سراج الحق
Sep 05, 2016