این ایف سی ایوارڈ، مراد علی شاہ آج لاہور آئیں گے

لاہور (مبشر حسن+ نیشن رپورٹ+ این این آئی) آٹھویں نیشنل فنانس کمشن (ایف ایف سی) ایوارڈ کی تیاری کے سلسلے میں چاروں صوبوں کے وزراء خزانہ کا اجلاس آج لاہور میں ہو گا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹری خزانہ بھی شریک ہوں گے، سندھ سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ وزیر خزانہ کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس کی صدارت پنجاب کی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا کریں گی، اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے حوالے سفارشات تیار کرنے کے حوالے سے یہ ابتدائی نوعیت کا اجلاس ہو گا، سرکاری ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا اس ملاقات میں چاروں صوبوں کو وفاقی حکومت کے ساتھ حتمی اجلاس سے قبل اہم نوعیت کا مرکزی کام مکمل کرنے کا موقع مل جائیگا۔ وزیراعلیٰ سندھ لاہور میں ایک روزہ قیام کے دوران این ایف سی ایوارڈ کے جلاس، لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب، سید یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دینے انکے گھر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لطیف کھوسہ کے گھر پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ لاہور گورنر ہائوس میں ناشتہ کریں گے اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کریں گے، وہ داتا دربار پر بھی حاضری دیں گے اور اپنے اعزاز میں پیپلزپارٹی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن