رواں سال حج کا پروگرام ملتوی دورہ گلیات منسوخ‘ عمران آج کراچی جائینگے

اسلام آباد(آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنا دورہ گلیات منسوخ کر دیا ہے جبکہ آج (پیر) کو کراچی جائیںگے۔ ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے بتایا کہ عمران خان آج (پیر) کو کراچی جائیں گے جہاں وہ انصاف ورکرز کے دھرنے میں شرکت کرنے کے لئے سٹیل ملز جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان6 ستمبر کو نشتر پارک میں’’پاکستان زندہ باد‘‘ جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان رواں سال فریضہ حج پر بھی نہیں جائیں گے۔ حج پر نہ جانے کا فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ عمران سٹیل مل ورکرز کے احتجاج میں شرکت کرکے انہیں تنخواہیں دینے کا مطالبہ بھی کریں گے۔ رواں برس حج پر نہ جانے کا فیصلہ پارٹی رہنمائوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت مخالف تحریک تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے‘ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ پاکستان میں ہی رہیں۔ 9-8 ستمبر کو حج پر جانے کا پروگرام بنا چکے تھے اب انہوں نے حج پر نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وہ آئندہ سال حج کے لئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن