لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے خلاف اعلان کردہ قومی سکواڈ کے کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کر کے تیاریوں کے آغاز کی ہدایت کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان پہلے سے کیا جا چکا ہے۔ جس کی قیادت کے فرائض سرفراز احمد انجام دینگے دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان ، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، عمر امین، عامر یامین، محمد نواز، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل خان، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، عثمان شنواری اور رومان رئیس شامل ہیں۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کی ٹیموں کے درمیان آزادی کپ سیریز کا پہلا میچ 12 ستمبر کو، دوسرا 13 ستمبر کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔