اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)برما کے مسلمانوں پر مظالم کے خلاف پاکستان میں برما کا سفارتخانہ بند کیا جائے ، سفارتی عملے کو واپس بھیجا جائے ، 08 ستمبر 2017ء کو ملک بھر میں برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملک بھر کے علماء ، آئمہ ، خطباء ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی ، انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کا مسلسل قتل عام کیا جا رہا ہے اور عالمی دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، سعودی عرب ، ترکی کے علاوہ اسلامی دنیا بھی برما کی حکومت کے مجرمانہ مظالم پر خاموش ہے ، انہوں نے کہا کہ ان حالات میں حکومت پاکستان پر لازم ہے کہ فوری طور پر اسلام آباد میں برما کے سفارتخانے کو بند کیا جائے اور سفارتی عملے کو نا پسندیدہ قرار دے کر برما واپس بھیجا جائے ، انہوں نے کہاکہ 08 ستمبر کو ملک بھر میں پاکستان علماء کونسل اور اس کی حلیف جماعتوں اور وفاق المساجدپاکستان کے تحت ’’یوم مذمت ‘‘منایا جائے گا، اس موقع پر برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور برما کی حکومت کے مظالم کی مذمت کی جائے گی، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مسلم قیادت کا اجلاس بلائیں اور برما کے مسئلہ پر ایک واضح اور متفقہ پالیسی طے کی جائے ۔