راولپنڈی، گلگت، کوئٹہ، چارسدہ (ایجنسیاں+ نمائندہ، نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر ڈیرہ بگٹی میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں زیرزمین چھپایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ اسلحہ کے ساتھ مختلف اقسام کا گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور دھماکہ خیز مواد بھی شامل ہے۔ دریں اثنا مستونگ میں ایف سی نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا جس میں 7 گرنیڈ، 7 پرائما کارڈ، 7 ڈیٹونیٹر کارڈ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے بٹگرام میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد غفور اللہ جان عرف خالد کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ، ایک پستول اور میگزین برآمد کرلیا جبکہ پولیس نے گلگشت بلتستان کے علاقے غزر میں کارروائی کر 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ آئی جی گلگت بلتستان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں نے دوران تفتیش سکول جلانے اور دھمکیاں دینے کا اعتراف کیا۔