لاہور (خصوصی رپورٹر/خصوصی نامہ نگار)سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بے اختیار بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ ہے اور ہم اس اقدام سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے بلدیاتی نمائندوںکو عضومعطل بنائے رکھا اور صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کی مجبوری کے تحت بلدیاتی اداروں کے الیکشن کروائے ، تحریک انصاف صرف نمائشی طور پر بلدیاتی سسٹم کی تشکیل نہیں چاہتی بلکہ ہم گلی نالی سے لے کر ہر طرح کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کو بلدیاتی نمائندوں کے سپرد کرنا چاہتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے نظام میں یونین کونسل کے نمائندوں سے لے کر تحصیل اور ضلع کے چیئرمینوں تک ہر بلدیاتی نمائندہ مکمل طور پر با اختیار ہوگا اور انہیں مالیاتی و انتظامی اختیارات کے علاوہ اُن پر چیک اینڈ بیلنس بھی یقینی بنایا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حمزہ شہباز جواب دیں کہ کیا بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی بجائے شہباز شریف یا اُن کے خاندان کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے ؟انہوں نے کہا کہ خود نواز لیگ کے اپنے بلدیاتی اراکین بھی اُن سے مطمئن نہیں اور اُن کی شکایات زبان زد عام ہیں ، نواز لیگ نے عوام کے30سال شخصی اقتدار اور خاندانی و مفادات کی سیاست کی نذرکر دیے اب انہیں مزید کھل کھیلنے کا وقت نہیں ملے گا۔
بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کامنشور ہے: عبدالعلیم خان
Sep 05, 2018