لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ایشیا کپ کوالیفائر کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل میں پہنچ گئیں، فائنل کل کھیلا جائیگا اور فاتح ٹیم رواں ماہ شیڈول ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی جو کہ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گا۔ملائیشیا میں جاری ایشیا کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے آخری لیگ میچز میں متحدہ عرب امارات نے اومان اور ہانگ کانگ نے نیپال کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، یو اے ای نے 8 وکٹوں پر 208 رنز بنائے، کپتان روہن مصطفیٰ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، عبدالشکور 21 اور محمد نوید 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، فیاض بٹ اور ذیشان مقصود نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں اومان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 48ویں اوور میں 195 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، عاقب الیاس 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نسیم نے 27 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے، محمد نوید، عامر حیات اور روہن مصطفیٰ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یو اے ای نے چوتھی فتح کے ساتھ ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ہانگ کانگ نے نیپال کو 3 وکٹوں سے زیر کر کے تیسری کامیابی کے ساتھ ہی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 37.5 اوورز میں صرف 95 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، عارف شیخ 18 رنز بنا کر نمایاں رہے، احسن خان نے 4، اعزاز خان اور تنویر افضل نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ ہانگ کانگ نے ہدف 33ویں اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کیا، کپتان انشومان راتھ نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، سندیپ لیمی چن نے 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔
فاتح ٹیم پندہ ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایونٹ میں شریک ہو گی ۔
ایشیا کپ کوالیفائر کرکٹ ٹورنامنٹ ‘امارات ‘ہانگ کانگ فائنل میں پہنچ گئے
Sep 05, 2018