لاہور(سپورٹس ڈیسک) پانچ مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے جبکہ روس کی ماریہ شراپووا کا بھی یو ایس اوپن میں سفر تمام ہوا۔امریکہ میں جاری سال کے آخری گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کے جان ملمین نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا۔فیڈرر نے پہلے سیٹ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 3-6 سے باآسان کامیابی حاصل کی لیکن اس کے بعد آسٹریلین حریف نے میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے تینوں سیٹ ٹائی بریک پر جیت کر سوئس اسٹار کو ایونٹ سے باہر کردیا۔ملمین نے میچ میں 6-3، 5-7، 6-7 اور 6-7 سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا۔سربیا کے نوواک جوکووک نے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا اور جاؤ سوزا کو سٹریٹ سیٹ میں 3-6، 4-6 اور 3-6 سے شکست دی۔ جاپان کے کائی نشیکوری نے جرمن کھلاڑی فلپ کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ مارلن سیلک نے ڈیوڈ گوفن کو زیر کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔خواتین کے سنگلز پری کوارٹر فائنل میچز میں سپین کی کارلا سواریز نوارو نے روسی کھلاڑی ماریہ شراپووا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے زیر کیا۔یوکرین کی لیزیا سورینکو نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی مرکیتا وونڈروسووا کو پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود 7-6، 5-7 اور 2-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔امریکہ کی میڈیسن کیز بھی پری کوارٹر فائنل مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہیں اور انہوں نے سیبل کووا کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ ویمنز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں جرمن کھلاڑی الیز مرٹنز اور ان کی ہالینڈ کی جوڑی دار ڈیمی نے بیلاروس کی ایرینا سبالینکا اور ان کی تائیوان کی جوڑی دار سائی سیو وائی کو 7-5 اور 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ویمنز سنگلزکی دفاعی چیمپئن امریکی سلونی سٹیفنز شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں ۔ انہیں لٹویا کی اناستاسیا سیواستووا نے سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ۔ فاتح کھلاڑی نے چھ دو اور چھ تین سے کامیابی سمیٹی ۔ وہ کوارٹر فائنل میں بھی پہنچ گئی ہیں
یوایس اوپن :فیڈرر ‘دفاعی چیمپئن سٹیفنز کو اپ سیٹ شکست
Sep 05, 2018