لاہور (سپورٹس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے۔ احسان مانی کو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیرِاعظم عمران خان نے چند روز قبل نامزد کیا تھا تاہم ان کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے اور وہ بلامقابلہ ہی چیئرمین منتخب ہو گئے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ بورڈ آف گورنر نے اجلاس کے دوران احسان مانی کو بلامقابلہ نیا چیئرمین منتخب کر لیا۔ پی سی بی کا ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ احسان مانی آئندہ تین برس کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ انہوں نے اپنا چارج بھی سنبھال لیا۔ احسان مانی تین سال تک آئی سی سی میں خزانچی رہے اور پھر 3سال تک آئی سی سی کی سربراہی کی۔ احسان مانی پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ وہ آئی سی سی کے صدر اور خزانچی بھی رہ چکے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ احسان مانی کے عہدہ سنبھالنے سے پاکستانی کرکٹ میں بہتری آئے گی۔ علاوہ ازیں پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین احسان مانی نے بورڈ میں شفافیت میرٹ اور احتساب پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا، کرکٹ سٹرکچر کو مضبوط بنائیں گے۔منتخب ہونے کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا ہے کہ ملحقہ اداروں کو ساتھ لے کر چلیںگے، بھارت سے کھیلنے کے لئے منتیں نہیں کریںگے، انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لئے سٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کریںگے، بورڈ اکاؤنٹس کے آڈٹ میں بعض اعتراضات سامنے آئے ہیں، اس بارے رپورٹ لوں گا، آڈٹ میں کسی سابق یا موجودہ افسر کے ملوث ہو نے کی صورت میں کسی کو معاف نہیں کیا جائیگا۔ گزشتہ روز پی سی بی چیئرمین منتخب ہو نے کے بعد پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین احسان مانی نے اپنے انتخاب کے بعد پہلی پریس کانفر نس میں ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سکول، کلب، ضلع، ریجنز کی سطح پر کرکٹ کو مضبوط بنائیں گے، سرپرست اعلیٰ عمران خان کی خواہش ہے کہ ملحقہ اداروں کو ختم کیا جائے تاہم ہم آسٹریلیا اور انگلینڈ کی بجائے اپنا مقامی ماڈل بنائیں گے اور اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔دریں اثنا احسان مانی نے چیئرمین پی سی بی کو تمام کمیٹیوں سے دستبردار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کمیٹی کا حصہ نہیں ہونگے جبکہ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کو علیحدہ علیحدہ ہونا چاہئے او راس پر جلد فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سپر لیگ کے چیئرمین کیلئے عہدہ پر بھی جلد فیصلہ کیا جائیگا۔
احسان مانی ،پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ،3 سال کیلئے چارج سنھبال لیا
Sep 05, 2018