اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکی وزیر خارجہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی پاکستان آمد سے ایک روز پہلے کور کمانڈروں کی اہم کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے جیو سٹرٹیجک ماحول میں آنے والی تبدیلی اور آپریشن ردالفساد میں پیشرفت پر غور کیا۔ کور کمانڈروں نے شہداء پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فیلڈ فارمیشنز کو اپنے علاقوں کے شہیدوں کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے اور ان سے اظہار ہمدردی کرنے کی ہدایت کی۔ باور کیا جاتا ہے کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی تذویراتی ماحول پر غور کے دوران آج بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل جوزف ڈنفورڈکے دورہ پاکستان کے موقع پر زیر غور آنے والے امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ نیٹ نیوز کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی تمام فیلڈ فارمیشنز شہدا کے اہل خانہ تک پہنچیں اور عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں یوم دفاع بھرپور انداز میں منانے کا عزم کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا 6ستمبر یوم دفاع کے موقع پر شہداء کے مزارات اور اہلخانہ کے پاس پہنچ کر انکی عظیم قربانیوں کو یاد کیا جائے اور لواحقین کو احساس دلایا جائے، پوری قوم کو ان کی عظیم قربانی پر فخر ہے۔