اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کے لئے جتنا کام کیا اتنا کسی نے نہیں کیا، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر رد عمل دکھانا ہو گا، کالعدم تنظیموں کے خلاف پاکستان نے کافی اقدامات کئے ہیں، ضرورت پڑی تو مزید کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے اقدامات پاکستان کے مفاد میں ہیں۔ دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا ایک علاقے میں کسی ایک وار لارڈ کی رٹ ہو اور کسی دوسرے علاقے میں کسی دوسرے کی۔ ایف اے ٹی ایف کے کچھ اقدامات پاکستان کے لیے فائدہ مند ہیں، بھارت کوشش کر رہا ہے ایف اے ٹی ایف کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو بلیک لسٹ قرار دے سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پلی بارگین نیب کے قوانین میں شامل ہے۔ ’اگر نواز شریف یا آصف علی زرداری کوئی ڈیل کر رہے ہیں تو نیب سے ہی کر رہے ہوں گے۔ وزارت داخلہ جوعمومی طور پر ایسی ڈیلز کا حصہ ہوتی ہے اس ڈیل میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کالعدم تنظیموں کے خلاف پہلے ہی کافی اقدامات لے چکا ہے۔ ضرورت پڑی تو کالعدم تنظیوں کے خلاف مزید اقدامات بھی لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں اور لداخ میں مسلم آبادی کم ہے لہذا وہاں لاک ڈاؤن اتنا سخت نہیں جبکہ مسلم اکثریتی کشمیر میں سخت پابندیاں اور لاک ڈاؤن ہے۔ عالمی برادری کو مسئلہِ کشمیر پر ردعمل دکھانا ہو گا۔ اعجاز شاہ نے کہاکہ جتنا وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کاز کے لیے کام کیا اتنا کسی رہنما نے نہیں کیا۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو قونصلر رسائی دینے کے معاملے پر قدم عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد اٹھایا گیا۔ مودی حکومت کے پانچ اگست کے اقدامات کی وجہ سے اس فیصلے کو بدل نہیں سکتے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں ایک ایسی قوم کے طور پر کام کرنا ہے جو دیانت دار ہے۔ اگر ہم کشمیر کی صورتحال کی وجہ سے کلبوشن کی قونصلر رسائی پر اپنا فیصلہ بدل لیتے تو ہم میں اور مودی میں کوئی فرق نہیں رہ جانا تھا۔
عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر ردعمل دکھانا ہو گا: وزیر داخلہ
Sep 05, 2019