پاکپتن(نمائندہ نوائے وقت) حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے777 ویں عرس مبارک کی تقریبات عروج کو پہنچ گئیں، بہشتی دروازہ کی قفل کشائی آج ہوگی، دس لاکھ کے قریب زائرین پاکپتن پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ پنجابی زبان کے پہلے شاعر حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے 777 ویں 15 روزہ سالانہ عرس کی تقریبات پاکپتن میں جاری ہیں ۔ سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی عرس کی رسومات سجادگان، علماء مشائخ و عقیدت مندوں کے ہمراہ ادا کررہے ہیں۔ 15روزہ عرس کی سب سے بڑی رسم بہشتی دروازہ کی قفل کشائی آج ادا کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے عرس کے موقع پر انتہائی احسن انتظامات کیے گئے ہیں۔ زائرین کو مکمل سرچنگ کے بعد دربار کی حدود میں داخل ہونے دیا جارہا ہے۔ ڈی پی او پاکپتن عبادت نثار نے بتایا کہ عرس پر زائرین کو بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔