اسلام آباد ( جاوید صدیق) کشمیر پریس کلب سرینگر نے اپنے ایک اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی مکمل بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مودی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے جاری مواصلاتی نظام کی بندش کا خاتمہ کرے۔ کشمیر پریس کلب سرینگر نے اس بات پر تشویش کا ظاہر کی کہ مقبوضہ علاقے پر قابض انتظامیہ نے ان سینئر صحافیوں کو جو کرایہ دے کر سرکاری گھروں میں رہتے ہیں انہیں سرکاری گھر خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ کشمیر پریس کلب سرینگر نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ صحافیوں کو گھر خالی کرنے کا نوٹس دینا دراصل انہیں ہراساں کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ سینئر صحافیوں کو حکومت کا ہمنوا بنانے کے لیے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ کشمیر پریس کلب سرینگر کے مطابق انٹرنیٹ‘ موبائل فون اور لینڈ لائینز بند کرکے صحافیوں کو درحقیقت مفلوج کر دیا گیا ہے۔ صحافیوں کو انٹرنیٹ اور موبائیل فون اور لینڈ لائینز سے محروم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ صحافی حقائق کو رپورٹنگ نہ کر پائیں۔