لندن (اے پی پی)سابق برطانوی وزیر اعظم سر ونسٹن چرچل کے پوتے نکولس سوامز کو بریگزٹ کے معاملہ پر برطانوی وزیر اعظم کی مخالفت پر ممکنہ طور پر کنزرویٹو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ بدھ کو برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق نکولس سوامز ان 21 ارکان میں شامل ہیں جنہوں نے پارٹی سے بغاوت کی جس پر ان سب ارکان کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نکولس سوامز نے کہا کہ ان کے لئے یہ اچھی خبر نہیں کہ ان کو کنزرویٹو پارٹی سے باہر نکال دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دادا سابق برطانوی وزیر اعظم سر ونسٹن چرچل کی وجہ سے ہی کنزرویٹو پارٹی کی پہچان تھی۔71 سالہ نکولس سوامز 1983ء سے پارلمینٹ کے رکن ہیں جو قبل ازیں جونیئر وزیر دفاع کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔ نکولس سوامز جنگ عظیم دوئم کے دور میں برطانوی رہنما ونسٹن چرچل کے چھوٹے بیٹے میرے سوامز کے بیٹے ہیں۔
بریگزٹ معاملہ‘ وزیراعظم کی مخالفت پر چرچل کے پوتے کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا: برطانوی میڈیا
Sep 05, 2019