افغانستان: 15جنگجو ہلاک، رہائی پانیوالے طالبان نے میدان جنگ کا رخ کرلیا، امریکی جریدہ

کابل+قلعہ نو+واشنگٹن (شِنہوا+آن لائن) افغانستان کے صوبے بادغیس میں فضائی کارروائیوں کے دوران 15جنگجو ہلاک ہو گئے جبکہ مغربی صوبہ بادغیس کو ہرات سے جوڑنے والی ہائی وے کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ امریکی جریدے فارن پالیسی نے خفیہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے رہائی پانیوالے طالبان نے میدان جنگ کا رخ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بادغیس پولیس سربراہ نائب شیر آقا الکوزئی  نے کہا کہ بادغیس کو ہمسایہ صوبہ ہرات سے جوڑنے والی شاہراہ پرگزشتہ روز جنگی طیاروں کی مدد سے کارروائیاں شروع کی گئیں جس میںجنگجو15 نعشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ 6 مزید عسکریت زخمی ہوئے ہیں اور ایک فوجی جوان بھی زخمی ہوا ہے۔ علاوہ ازیں امریکی جریدے "فارن پالیسی" نے ایک خفیہ رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق افغان حکومت نے جن طالبان قیدیوں کو رہا کیا وہ کمانڈروں اور جنگجوؤں کی حیثیت سے لڑائی کے میدان کی طرف واپس لوٹ رہے ہیں۔ شمالی آئرلینڈ میں کوئنز یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے امور طالبان تحریک کے دو ماہرین مائیکل سمبل اور ویلکس کوئن کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق 108 سابق قیدیوں میں سے 68% کو پہلے ہی طالبان میں ضم کیا جا چکا ہے۔ دونوں محققین کے مطابق متعدد سابق قیدیوں کو رہائی کے بعد قائدانہ منصبوں پر مقرر کیا گیا ہے۔ سابق قیدیوں کو عسکری ذمے داریاں سونپنے کا دائرہ کار وسیع ہوتا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن