اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اندرون ملک کرایوں میں نمایاں کمی کردی،کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مابین یک طرفہ کرایہ 7 ہزار 4 سو اور دو طرفہ کرایہ 13 ہزار 5 سو کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مابین نیا پیکج متعارف کرواتے ہوئے 20 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ صرف 7 ہزار 4 سو روپے جبکہ دو طرفہ کرایہ صرف 13 ہزار 5 سو کردیا۔ قومی فضائی کمپنی نے 35 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ صرف 8 ہزار 4 سو روپے جبکہ دو طرفہ کرایہ صرف 15 ہزار کر دیا گیا۔ کرایوں میں پرکشش رعایت کے ذریعے لوگ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے پہلے سیر و تفریح کا موقع حاصل کرسکیں گے ۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ اندرون ملک کرائے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔