لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور کے علاقہ چوبرجی میں نجی بینک کی عمارت زوردار دھماکہ کے بعد زمین بوس ہوگئی‘ بلڈنگ گرنے سے ایک شخص جاں بحق‘ 22 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق چوبرجی چوک میں واقع نجی بنک کی عمارت زوردار دھماکہ کے بعد زمین بوس ہوگئی۔ بلڈنگ گرنے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں چند افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ملبے تلے دبنے اور قریب سے گزرتے راہگیروں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔ اقرار حسین نامی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ 8 زخمیوں کو سر گنگا رام ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے شہری راشد کو علاج معالجہ کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق سروسز ہسپتال منتقل ہونے والے 8 زخمیوں میں چھیالیس سالہ محمد غالب، پچاس سالہ محمد نواز، اٹھائیس سالہ اسد ممتاز، چوبیس سالہ وقاص، تیس سالہ ارشد، پنتالیس سالہ اقرار، اٹھائیس سالہ عثمان اور پچاس سالہ دلاور یامین، میو ہسپتال میں اسی سالہ صدیق، تینتیس سالہ منظور، بائیس سالہ مزمل اور بیس سالہ وحید شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت سوئی گیس لیکج دھماکے کے سبب گری۔ نجی بینک کی عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر زمین بوس ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان سمیت دیگر سنیئر افسر بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بنک میں نماز جمعہ کا وقفہ تھا اس وجہ سے زیادہ تر ملازمین نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے گئے ہوئے تھے۔ واقعہ کے بعد ایس پی اقبال ٹاؤن کیپٹن (ر) محمد اجمل نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ ادارے شواہدکی بنیاد پر دھماکے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں۔ بظاہر دھماکہ لیکج کہ وجہ سے گیس پائپ لائن پھٹنے سے پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں، اصل حقائق حتمی رپورٹ مرتب ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کاحکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس ضمن میں حقائق سامنے لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
چوبرجی: بنک کی عمارت دھماکے سے زمین بوس، ایک شخص جاں بحق، 22 زخمی
Sep 05, 2020