لاہور+قصور( خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی+نمائندہ نوائے وقت)محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام برصغیر پاک وہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے 263ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سیّد سعیدا لحسن شاہ نے عرس مبارک کی تقریب کا افتتاح مرقد کو عرق گلاب سے غسل دے کر کیا اور مزار اقدس پر پھو لوں کی چادر پوشی سے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈائریکٹر جنرل سیدطاہر رضابخاری، ضلعی انتظامیہ کے افسران و دیگرعلمائے کرام،دانشور اور صحافی حضرات بھی موجود تھے۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے عرس کے لیے 3 لاکھ 53 ہزار روپے جاری کیے ہیں۔ عرس مبارک کی تقریبات 2دن تک جاری رہیں گی۔صوبائی وزیر نے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے بزرگان اسلام کی تعلیمات سے رہنمائی کی از حد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول تمام درباروں کی تزین و آرائش بارے احکامات دے گئے ہیں۔جبکہ ان درباروں کے ارد گرد کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت نگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ادھرقصور میں حضرت بابا بلھے شاہ کے عرس کی تقریبات مورخہ 5 ستمبر بروز ہفتہ قصور کی مقامی عدالتوں میں چھٹی ہوگی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔