یوم ناموسِ رسالتؐ وعظمت صحابہ ؓ، جڑواں شہروں میں احتجاجی مارچ 

راولپنڈی (اے پی پی) پاکستان سنی تحریک کی اپیل پر جمعہ کو یوم تحفظ ناموسِ رسالتؐ وعظمت صحابہ ؓ منایاگیا جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام ناموس رسالت مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان سنی تحریک نے بتایاکہ فرانسیسی میگزین ’’چارلی ایبڈو‘‘ میں توہین آمیز خاکوںکی دوبارہ اشاعت،سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے اور پاکستان میں توہین صحابہ کرامؓ کے  خلاف جڑواں شہروں کی مساجد میں علماء کرام نے تحفظ ناموسِ رسالتؐ وعظمتِ صحابہ ؓکے موضوع پرخطباتِ جمعہ دیئے اور مذمتی قراردادیں منظورکیں، پاکستان سنی تحریک راولپنڈی ڈویژن کے صدر علامہ طاہراقبال چشتی نے ترنول، ضلع راولپنڈی کے صدرعلامہ عمران نظامی نے کنیٹ بحریہ ٹائون، علامہ نثاراحمدنوری نے مورگاہ، علامہ شوکت حسین نقشبندی نے سہام، علامہ قاسم محمودموہڑوی نے دھمیال،علامہ بشیراحمدنقشبندی نے ڈھوک چراغدین اور ڈاکٹرطیب رضاالمدنی نے کمال آبادمیں بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  اسلام دشمن قوتیں قرآن پاک کی توہین اور پیغمبر اسلامؐ کے خاکے شائع کر کے دنیا کو عالمی جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہیں، حکومت اصحابِ رسولؐ کی توہین کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے۔دوسری جانب توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف  تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام جمعہ کو مری روڈ پر ناموس رسالت مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کی قیادت ٹی ایل پی پنجاب کے امیر علامہ پیرسید عنائت الحق شاہ سلطانپوری اور دیگر نے کی ۔اس موقع پر شرکاء فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ اور خاکوں کی اشاعت کی مزمت کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔شرکاء نے نعرے بازی کی جبکہ مقررین نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ میگزین کی جانب سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح کرنے کا معاملہ اقوام عالم میں اٹھایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن