لاہور (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا ہے کہ غیریقینی صورتحال میں ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کی تیاری ایک مشکل اور چیلنج سے بھرپور مرحلہ تھا ،ڈومیسٹک میچوں کی تعداد میں اضافے سے تمام کھلاڑیوں کو نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت اپنی صلاحیتیں دکھانے کے برابر مواقع ملیں گے اور زیادہ کرکٹ سے آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ اپنے بیان میں انہونے کہاکہ کوویڈ19 کی اس غیریقینی صورتحال میں ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کی تیاری ایک مشکل اور چیلنج سے بھرپور مرحلہ تھا تاہم ہم نے کھلاڑیوں اورکھیل کے معیار کو اعلیٰ مقام پر پہنچانے کی غرض سے اس شیڈول کو تیار کیا۔ انہوںنے کہاکہ اس شیڈول کی تیاری میں ایک واضح حکمت عملی اپنائی گئی اور وہ یہ ہے کہ سینئر اور ایج گروپ ٹورنامنٹ میں وائیٹ بال میچز کی تعداد میں اضافہ کیا گیاہے کیونکہ آئندہ 2سے 3 سالوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو محدود طرز کی کرکٹ کے متعدد مقابلوں میں شرکت کرنی ہے، اس کے علاوہ ان ٹورنامنٹس سے پاکستان کو محدود طرز کی کرکٹ میں اپنی عالمی رینکنگ میں بہتری لانے کا موقع بھی مل جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک میچوں کی تعداد میں اضافے سے تمام کھلاڑیوں کو اس نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت نہ صرف اپنی صلاحیتیں دکھانے کے برابر مواقع ملیں گے بلکہ زیادہ کرکٹ سے ان کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ندیم خان نے کہا کہ گذشتہ چند ہفتوں سے ہائی پرفارمنس اور ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز نے شیڈول اور ٹیموں کی تیاری کے علاوہ کوچز کی تقرری اور کھیل کی مرحلہ وار واپسی سمیت دیگر اہم امور کی تشکیل کے دوران مسلسل کام کیاجو قابل ستائش ہے۔