نظام عدل کا محور سائیلن جلد انصاف فراہمی اولین مقصد:جسٹس امیر بھٹی

Sep 05, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ہائی کورٹ کے نئے عدالتی سال کے آغاز پر چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس میں جسٹس ملک شہزاد احمد، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس شاہد بلال حسن سمیت لاہور ہائی کورٹ کے دیگر جج صاحبان نے شرکت کی۔ محمد امیر بھٹی نے آئندہ عدالتی سال میں جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا وژن پیش کیا، انہوں نے کہا کہ نظامِ انصاف کا محور سائلین ہیں، انہیں ہر ممکن سہولیات اور جلد انصاف کی فراہمی ہمارا اولین مقصد ہے۔ فل کورٹ اجلاس میں معزز جج صاحبان نے فاضل چیف جسٹس کے وژن کو سراہا اور اعادہ کیا کہ آئندہ عدالتی سال میں سائلین ووکلاء کی سہولیات کیلئے متعدد اقدامات کئے جائیں گے۔ ججز نے کہا زیر التواء مقدمات کی تعداد کو کم کرنا ایک چیلنج ہے، جلد انصاف کی فراہمی کے لئے ضروری ہے کہ پرانے مقدمات کے ترجیحی بنیادوں پر فیصلے کئے جائیں تاکہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔فل کورٹ اجلاس کیسز مینجمنٹ پالیسی کے تحت ایڈیشنل اور انتظامی امور کے ساتھ ساتھ بروقت انصاف کی فراہمی بارے تبادلہ خیال ہوا۔ عدالت عالیہ اور ضلعی عدلیہ کے انتقامی امور سمیت زیر التواء مقدمات پر بھی غور کیا گیا۔

مزیدخبریں