پی آئی سی میں زائد المیعاد اسٹنٹ  کیخلاف ایک اور درخواست، سماعت کل‘ کمیٹی تشکیل ذمہ داروں کو سزا ملے گی: یاسمین راشد  

Sep 05, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ سٹی رپورٹر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کو زائد المیعاد اسٹنٹ ڈالنے والوں کیخلاف دائر درخواستوں کی تعداد 2 ہوگئی۔ نئی درخواست میں رانا محمد سکندر نے حکومت پنجاب، چیئرمین پی آئی سی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا زائدالمعیاد سٹنٹ ڈالنا مریضوں کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ذمہ داروں  کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔ دونوں درخواستیں سماعت کیلئے مقرر، کل 6 ستمبر کو جسٹس شاہد وحید سماعت کریں گے۔ ادھر زائد المعیاد سٹنٹس کے استعمال کے معاملہ پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے تفصیلی بریفنگ۔ واقعہ میں ملوث افرادکے خلاف بھرپورکارروائی کا فیصلہ کیاگیا۔ محکمہ صحت نے کمیٹی تشکیل دے دی۔ سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور ملتان سے پروفیسرآف کارڈیالوجی پروفیسرڈاکٹر طارق عباس کمیٹی کے ممبران مقرر کر دئیے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ کمیٹی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا  تعین کرے گی۔ واقعہ میں ملوث افرادکو قرار واقعی سزادی جائے گی۔

مزیدخبریں