لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی روایات کے برعکس انتظامیہ اور پولیس سیاسی طور پر آزاد اور فیصلے کرنے میں خود مختار ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کو خود مختاری دینے کی ایسی مثال نہ پہلے تھی نہ آئندہ نظر آئے گی۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسرو ں اور عملے کے ساتھ کھڑا ہوں۔ اچھے نتائج اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ غیر جانبداری اور قواعد و ضوابط کے مطابق فرائض سرانجام دینا اچھے افسر کی پہچان ہے۔یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے۔ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے نئے عزم اورجذبے سے کام کرنا ہوگا۔ بہترین کارکردگی اور عوامی مسائل حل کرنے پر افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ خراب کارکردگی پر افسروں سے باز پرس ہوگی۔ عوامی خدمت کے مشن میں کسی دباؤ کو برداشت کیاجائے گا نہ مداخلت ۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل کیا گیا ہے اور پنجاب میں وہ تبدیلی لارہے ہیں جس کا وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیاہے۔ تنقید برائے تنقید کی کوئی پروا نہیں، عوام کی خدمت ہی میرا نصب العین ہے۔ الزامات کی سیاست کبھی کی ہے نہ آئندہ کبھی کریں گے۔ مخالفین کی دشنام طرازیوں پر وقت ضائع نہیں کرتا، توجہ صرف کام اور عوام کی خدمت پر ہے۔ الزامات لگانے والے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو روکنے کی سازش کر رہے ہیں۔ آج اپوزیشن والے وہی کاٹ رہے ہیں جس کا بیج انہوں نے ماضی میں بویا اور اپوزیشن نے قومی مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح نمود و نمائش پر یقین نہیں رکھتا اور ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے عوامی خدمت کی ایک اور عمدہ مثال قائم کر دی۔عثمان بزدار نے شاہراہ قائد اعظم پر کھلی کچہری لگائی۔ 4 گھنٹے تک مسلسل عوام کے مسائل سنے۔عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ عثمان بزدار نے سینکڑوں لوگوں سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ جنوبی پنجاب کے 15 محکموں کے سیکرٹریز، پولیس افسر اور متعلقہ حکام بھی کھلی کچہری میں موجود تھے۔ کھلی کچہری میں دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے مسائل سن کر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام سے ہوں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔لوگوں کے مسائل کے حل میں تاخیر قعطاً برداشت نہیں۔عوام کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔پسماندہ عوام کے مسائل حل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔جن کی ماضی میں کوئی نہیں سنتا تھا آج میں ان کا وکیل ہوں۔میرا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے ، میرا رشتہ عوام سے پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ہم ذاتی نمائش پر نہیں بلکہ صرف کام پر یقین رکھتے ہیں ۔ دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں۔ معذور نوجوانوں نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا ۔ عثمان بزدار کو معمر خاتون نے وزیراعظم عمران خان کی تصویر پیش کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے والدہ کے ساتھ آنے والی بچی سے اظہار شفقت کیا ۔خاتون آرٹسٹ نے وزیراعلیٰ کو ان کا پنسل سکیچ پیش کیا۔عثمان بزدار نے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے سسر جسٹس (ر) راجہ محمد صابر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔