واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر جوبائیڈن نے 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ ٹاور پر ہونے والے حملوں سے متعلق خفیہ دستاویزات جاری کرنیکا حکم دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے حکومتی تحقیقات کی خفیہ دستاویزات اگلے 6 ماہ میں جاری کرنیکے حکم نامے پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں صدر جوبائیڈن نے تاکید کی کہ محکمہ انصاف اور دیگر ایجنسیاں دستاویزات جاری کرنے کے جائزے کی نگرانی کریں۔صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا ہمیں 2 ہزار 977 بیگناہ لوگوں کے خاندانوں کے درد کو نہیں بھولنا چاہیے، یہ لوگ امریکہ کی تاریخ کے بدترین دہشت گرد حملے میں مارے گئے ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے سمندری طوفان آئیڈا سے بری طرح متاثرہ ریاست لوزیانا کے دورے کے دوران متاثرین کے لیے100ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔ متاثرین یہ امداد فوری طور پر پانچ سو ڈالر شہری فی کی حد تک وصول کر سکتے ہیں۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق اس دوران صدر بائیڈن نے کہا کہ سمندری طوفان آئیڈا کی تباہ کاریاں اور کیلیفورنیا میں بھڑک اٹھنے والی جنگلات کی آگ ماحولیاتی تبدیلیوں کی واضح علامات ہیں۔ انہوں نے تحفظِ ماحول کی کوششیں بڑھانے پر بھی زور دیا۔