اسلام آباد(نیوزرپورٹر)خلیجی ریاست قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی 7رکنی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کو الوداع کہا۔ وفد چیئرمین سینیٹ کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر تھا۔ دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اعلی سطحی وفود کے تبادلوں سے باہمی معاونت کاری کو مزید فروغ ملے گا۔ وفد کے رہنما نے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا اورکہاکہ وہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال مفید رہا ہے اور اس سے مستقبل میں اچھے نتائج برآمد ہوں گے ۔