چاہتے ہیں شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈیٹرز کا حصہ بنیں: ندیم عمر

Sep 05, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل کی معروف فرنچائزکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈیٹر میں شمولیت کے لیے شاہد آفریدی سے ابھی تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔  عمر اکمل بہترین کھلاڑی اور عمدہ صلاحیتوں کا حامل ہیں، تاہم بدقسمتی سے ان کو بعض حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹیلنٹ کے اعتبار سے عمر اکمل سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں، خوشی  ہے کہ ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ہوگئی ہے۔ اور سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں ان کا نام آگیا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ عمراکمل کو اپنی فرنچائز میں برقرار رکھیں۔ پی ایس ایل 7 کے ڈرافٹ کیلئے پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے ناموں کا ابھی تک انتظار ہے، کہا جا رہا ہے کہ بورڈ کی جانب سے ناموں کا اعلان نومبر تک کیا جائیگا، اگر کھلاڑیوں کے نام جلدی آجائیں تو ہم اپنی کاوشوں کا آغازکردیں گے۔ رامیز راجہ کا پی سی بی کا چیئرمین بننا پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر ہے، امید ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو آگے لے کرجائیں گے، ہمیں یہ بھی توقع ہے کہ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بن کر پی ایس ایل کی فرنچائز کے مسائل کو بھی احسن طریقے سے حل کرانے کی کوشش کریں گے، احسان مانی نے اس حوالے سے بہت کاوشیں کی تھیں، توقع ہے کہ رمیز راجہ ہمارے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ شاہد خان آفریدی کوئٹہ گلیڈیٹر کا حصہ بنیں، لیکن اس ضمن میں ان سے ابھی تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی، شاہد آفریدی ایک بڑے کھلاڑی ہیں اوران کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنا ہمارے لیے اعزاز ہوگا۔

مزیدخبریں