ریجنل، ڈسٹرکٹ‘ کلب کرکٹ کی بحالی ضروری ہے:نعمان بٹ 

Sep 05, 2021

لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ریجنل، ڈسٹرکٹ اور کلب کرکٹ کی بحالی ضروری ہے۔ جب تک نچلی سطح کی کرکٹ کو مکمل طور پر بحال نہ کیا گیا اس وقت تک بہتری ممکن نہیں ہے۔ رمیز راجہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بن رہے ہیں ان سے بہت توقعات ہیں۔ وہ کھیل اور کھلاڑیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ وہ کلب، ڈسٹرکٹ، ریجنل کرکٹ کی اہمیت اور خدمات سے بخوبی واقف ہیں۔وہ کرکٹ کے کامیاب ماڈلز کو یقیناً سمجھ چکے ہوں گے۔ وہ جانتے ہیں کہ ہر سطح پر کھلاڑیوں کے معاشی مفادات کا تحفظ ضروری ہے۔ محکمہ جاتی کرکٹ سے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کا معاشی مستقبل محفوظ تھا۔ پاکستان سپر لیگ کے مقبول ہونے کی ایک بڑی وجہ کھلاڑیوں کو کم وقت میں ملنے والا بھاری معاوضہ ہے۔ دنیا کی تمام ٹونٹی ٹونٹی لیگز میں کھلاڑیوں کے لیے سب سے بڑی کشش بھاری معاوضہ ہے۔ ماضی میں اعلیٰ عہدوں پر تقرریاں کرتے ہوئے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں نئے چیئرمین کے لیے ماضی کی تقرریوں پر بھی بہتر فیصلوں کی توقع ہے۔ گذشتہ تین برس کے دوران بنیادی ڈھانچے میں کی گئی تبدیلیوں نے پاکستان کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے، محکمہ جاتی کرکٹ کے خاتمے سے صرف کھلاڑی ہی نہیں، گراؤنڈ سٹاف، کرکٹ کا سامان بنانے والی بڑی صنعت اور باصلاحیت کوچز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ نام نہاد ایسوسی ایشنز قائم کر کے کرکٹ من پسند اور نااہل افراد کے حوالے کر دی گئی ہے۔ سلیکشن سے لے کر ہر کام میں بدانتظامی معمول بن چکی ہیں۔ کرکٹ بورڈ میں بھاری تنخواہوں پر تقرریوں پر بھی نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ پاکستان سپر لیگ فرنچائز مالکان کے مسائل ابھی تک حل نہیں ہو سکے، براڈ کاسٹرز کے ساتھ بھی تنازعات سامنے آتے رہے، تمام اہم معاہدوں میں رمیز راجہ سے بہتر فیصلوں کی توقع ہے۔ انہیں ایک بڑی اور مشکل ذمہ داری ملی ہے اگر وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کریں گے، کھیل اور کھلاڑیوں کے مفادات کا تحفظ کریں گے تو ملکی کرکٹ کا فائدہ ہو گا۔

مزیدخبریں