کراچی(وقائع نگار)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سے نہ صرف عوام بیزار ہو چکی ہے بلکہ اس کے کارکن بھی اپنی قیادت سے مایوس ہو چکے ہیں یہ بات ہفتہ کے روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری خرم کریم سومرو، سید کشف شاہ اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے کیونکہ موجودہ وفاقی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے اور ملک میں دن بدن مہنگائی، بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہورہا ہے اور ملکی معیشت زوال کا شکار ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی منشور پر عمل کرتے ہوئے صوبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تحریک انصاف کے کارکن اپنی قیادت سے مایوس ہوچکے۔ قاسم نوید قمر
Sep 05, 2021