کابل: طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر نے کہا ہے کہ نئی افغان حکومت وسیع البنیاد ہو گی۔
طالبان سیاسی دفتر کے سربراہ ملاعبدالغنی برادر نے غیرملکی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ نئی افغان حکومت وسیع البنیاد ہو گی اور افغان حکومت ہر شہری کی ذمہ داری اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر افغان شہری کو سیکیورٹی فراہم کرے گی اور سیکیورٹی میں بہتری افغانستان بلکہ دنیا کے لیے بھی فائدہ مند ہو گی۔ملا عبدالغنی برادر نے کہا کہ حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوگی اور امن یقینی بنائے گی۔ ایسی حکومت اقتصادی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔دوسری جانب افغان میڈیا کے مطابق نئی حکومت کے اعلان کی تقریب میں شرکت کے لیے کئی ممالک کے وفود کابل آ رہے ہیں، مختلف ممالک کو نئی حکومت کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پاکستانی اور قطری نمائندے کابل پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر ممالک کے وفود کی کابل آمد جلد متوقع ہے ۔