کوئٹہ( آن لائن) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ملک کو بارشوں اور سیلاب نے نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن نے ڈبویا ہے،حکومت اپنی نااہلی، ناکامی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے کالاباغ ڈیم کا راگ الاپ رہی ہے،شہباز شریف ’’کالا باغ‘‘ کے ترپ پتے کو پنجاب میں اپنی گرتی ساکھ کو بچانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی موجودہ اتحادی حکومت جوکہ عوام کو مہنگائی ختم کرنے کا ’’سبز باغ‘‘ دکھانے میں ناکامی کے بعد اب طوفانی سیلاب کی آڑ میں پنجاب کے عوام کو ’’کالا باغ‘‘ کا دانہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا حکومتی شہباز الیون میںشامل تیرہ جماعتوں کی اس ٹیم کو اس فیصلے میں مولانا فضل الرحمن ،آصف زرداری اور اے این پی سمیت سب کی حمایت اورآشیرباد حاصل ہے اور کیا شہباز شریف اپنے لخت جگر حمزہ شریف کی پنجاب بدری اور لندن پناہ لینے کے حوالے سے پنجاب کے عوام کے دلوں میں نرم گوشہ پیدا کرنے کے لیے کالا باغ کو سبز باغ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش نہیں کررہے کیا ’’کالا باغ ‘‘ کے اس مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا ڈرامہ کالا باغ ڈیم بننے سے پہلے ہی کمزور تنکوں سے بنی اس اتحادی حکومت کو سیلاب میں بہا کر نہیں گرادے گی۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود حکمرانوں نے کوئی اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی اور ملک کو اربوں کا نقصان ہوا جس سے کروڑوں لوگ متاثر ہوئے سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے ، ملک کی اہم شاہراہوں اور پلوں کو نقصان ہوا، لاکھوں کی تعداد میں مال مویشی ہلاک ہوئے ۔