پشین(این این آئی) انجمن تاجران و دکانداران پشین نے بجلی کی مسلسل بندش، سوئی گیس کی معطلی اور تاجروں سمیت عوام کو درپیش دیگر مسائل کے خلاف (آج) پیر 5 ستمبر کو احتجاجی مظاہرے اور واپڈا دفتر پشین کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔انجمن تاجران و دکانداران پشین کے ضلعی صدر نصیب اللہ کلیوال کاکڑ نے تنظیم کے رہنماوں چیئرمین ملک محیب الرحمن کاکڑ، ڈپٹی چیئرمین ملک فضل احمد خیل، سنیئر نائب صدر عبداللہ احمدخیل، نائب صدر حسام الدین اچکزئی، جنرل سیکرٹری خواجہ عبیداللہ بارکزئی، سیکرٹری اطلاعات کاجان کاکڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش، پانی، گیس اور موبائل انٹرنیٹ کی معطلی سے ضلع پشین کے شہریوں سمیت تاجر برادری رل گئے ہیں۔ طفل تسلیوں کے باوجود عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے، دوسری جانب پشین گرڈ سٹیشن کی بجلی دیگر اضلاع کو سپلائی کی جارہی ہے جو پشین کے عوام کے ساتھ بدترین زیادتی ہے۔ پریس کانفرنس میں تاجر رہنماؤں نے پشین میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش، سوئی سدرن گیس اور موبائل انٹرنیٹ سروس کی تاحال معطلی سمیت احساس کفالت سنٹر میں بے قاعدگیوں ،نادرا پشین میں عوامی مشکلات، سیلاب متاثرین تک تاحال بروقت امداد کی عدم فراہمی اور ضلعی ہیڈکوارٹر سے دیگر متاثرہ علاقوں تک تاحال راستوں کی بندش جیسے مسائل نے عوام سمیت تاجروں کو بھی سخت احتجاج پر مجبور کردیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ آج دھرنا دیا جائے گا اور اگر ہمارے جائز مطالبات کو حل نہیں کیاگیا تو شٹر ڈاؤن ہڑتال کے ساتھ ساتھ پہہ جام ہڑتال کی کال دی جائیگی۔
پشین کے تاجروں اوردکانداروں کا آج دھرنا دینے کا اعلان
Sep 05, 2022